لعل شہباز قلندر کے مزار میں دہشت گردوں کا خودکش حملہ

1131 2017-02-16

لعل شہباز قلندر کے مزار کے احاطے میں خوفناک خودکش حملہ ، 40 سے زاید شہید اور 150 کے قریب زخمی ہوچکے ہیں.

سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ کے احاطے میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ نمائندہ ایکسپریس نیوز کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب مزار میں دھمال جاری تھا اور اس کے احاطے میں سیکڑوں لوگ موجود تھے، دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور دھماکے کے فوری بعد درگاہ میں مکمل طور پر دھواں پھیل گیا، دھماکے کے بعد مزار میں افراتفری مچ گئی جس سے متعدد افراد پیروں تلے بھی دب گئے۔

 

دھماکے کے بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا گیا ہے۔ ایدھی ذرائع کے مطابق دھماکے کے زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ دھماکے میں اب تک چالیس سے زاید افراد شہید ہوچکے ہیں اور 100 سے زائد زخمی ہیں جس میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

 

درگاہ لعل شہباز میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سول اسپتال سیہون، جامشورو اور حیدرآباد سمیت دیگر قریبی شہروں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیا ہے۔

 

دوسری جانب سندھ پولیس کے ترجمان نے دھماکے کو خودکش حملہ قرار دے دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حملہ آور گولڈن گیٹ سے درگاہ میں داخل ہوا اور مزار میں دھمال کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ جمعرات کا روز ہونے کی وجہ سے مزار میں زائرین کا رش تھا جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے اور بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے

 

ایکنا نیوز- ایکسپریس نیوز

تبصرے
کوڈ کی تبدیل
تبصرے فیس بک