بروز منگل 29 ذی القعدہ 1438ھ بمطابق 22 اگست 2017ء کو روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خدام نے حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کی المناک شہادت کا اھل بیت اطہار علیھم السلام کو پُرسہ پیش کرنے اور ماتم و عزاداری کے احیاء کے لئے ایک ماتمی جلوس نکالا کہ جو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام سے برآمد ہوا اور مابین الحرمین سے ہوتا ہوا حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضہ مبارک میں پہنچا کہ جہاں دونوں مقدس حرموں کے خدام نے مل کر اپنے مظلوم امام کے مصائب پر ماتم کیا اس ماتمی جلوس کا اختتام روضہ مبارک امام حسین(ع) کے صحن میں ایک مجلس عزاء پہ ہوا۔
اس المناک موقع پر روضتین مقدّس حسینیہ وعباسیہ میں اظہارِ حزن کے طور پر ہر طرف سیاہ چادریں اور سیاہ علم نصب کئے گئے اور بہت سے بینروں پر امام محمد تقی علیہ السلام اور باقی آئمہ(علیھم السلام) کے فرامین کو لکھ کر جگہ جگہ لٹکایا گیا اور متعدد مجالس کا انعقاد کیا گیا۔
یہ بات واضح رہے کہ امام محمد تقی علیہ السلام رسول خدا(ص) کے نویں جانشین تھے انہوں نے اپنے والدِ گرامی سے میراث امامت کو حاصل کیا۔ وقت کے حاکم معتصم بن ھارون نے حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کو زہر کے ذریعے ماہ ذی القعدہ کے آخری دن (220هـ) کو شہید کیا۔